اسلام آباد: پاکستان نے ایٹمی پروگرام پر ڈیل کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے ایٹمی پروگرام پر بات چیت کسی ایجنڈے کا حصہ نہیں، یوکرین کو ہتھیاروں کی فروخت کی رپورٹس بے بنیاد ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا قابض بھارتی حکام کا غیرقانونی اقدام ہے۔
جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ترکی روانہ ہو گئے ہیں۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر مملکت آج جرمنی جائیں گے، وزیر خارجہ اور وزیر مملکت حنا ربانی کھر میونخ سیکورٹی کانفرنس کا دورہ کریں گے،جرمنی کے بعد وزیر خارجہ لیتھوینیا اور ہنگری کا بھی دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی اے ای اے کی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر ڈیل کی اطلاعات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی پروگرام پر بات چیت کسی ایجنڈے کا حصہ نہیں، پاکستان سے یوکرین کو ہتھیاروں کی فروخت کی رپورٹس بے بنیاد ہیں۔
پاکستانی فلسطینی سرزمین پر یہودی بستیوں کو قانونی قرار دئیے جانے کی مذمت کرتا ہے،18 فروری کو سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کی سولہویں برسی ہو گی، سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس میں 40 پاکستانی شہریوں کی شہادت ہوئی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں،پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس سے متعلق ترجما ن کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس اور امریکہ دباؤ کی کہانی پرانی ہے، روسی سفیر کا انٹرویو نوٹ کیا گیا ہے،روسی سفیر اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہیں ان کے خیالات ذاتی ہیں، چینی سفارتخانے نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ پاکستانی شہریوں کے لئے سروسز جاری رہیں گی، چینی سفارتخانے کے مطابق صرف قونصلر ہال بند کیا گیا، قونصلر ہال سے صرف چینی شہریوں کو سروسز فراہم کی اتی تھیں۔