عمران خان عدالت میں پیش، حفاظتی ضمانت منظور

حفاظتی ضمانت کی درخواست سے متعلق کیس میں لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ 

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے دوبارہ شروع ہونے والی سماعت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کی۔

اس سے قبل کمرہ عدالت میں عدم حاضری کے باعث دوسری مرتبہ سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی گئی تھی تاہم اس دوران عمران خان اپنی گاڑی سے نکل کر کمرہ عدالت میں پہنچ گئے۔

واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے پی ٹی آئی چیئرمین کو شام 5 بجے تک پیش ہونے کی آخری مہلت دی گئی تھی جس کے باوجود وہ قدرے تاخیر سے احاطہ عدالت پہنچے تاہم کارکنوں کی بڑی تعداد میں موجودگی اور سیکیورٹی اہلکاروں کی عدم موجودگی اور سیکیورٹی کے باعث وہ مسلسل اپنی گاڑی میں موجود رہے اور کمرہ عدالت تک نہ پہنچ سکے۔

لاہور ہائی کورٹ نے 16 فروری کو الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی کے احتجاج اور کار سرکار میں مداخلت کے کیس میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر حلف نامے اور وکالت نامے پر دستخط میں فرق کی وضاحت کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی کو آج پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔