وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان صدر مملکت سے آئین شکنی کروا رہا ہے، پہلے بھی ایسا ہی کیا تھا اور تمام اسمبلیاں کھو بیٹھا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام جو ٹی وی اسکرین پر ڈرامہ دیکھ رہے ہیں وہ آئین و قانون کا مذاق بنایا جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخص عدالتوں کو مطلوب ،کبھی ایمبولینس مانگی جارہی ہے کبھی مہلتیں مانگی جارہی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان مجرم ہے جس نے آج عدالت پر دھاوا بولا ہوا ہے، دو سے تین سو لوگ ساتھ لاکر عدالت پر دھاوا بولا گیا اور جج اورعدالتوں پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کیا یہی سہولت عام آدمی کو دی جاتی ہے، کورٹ میں بلایا جائے تو خاتون جج کو گالی دھمکی دیتا ہے، عوام کو اکساتا ہے اور چلو چلو لاہور ہائیکورٹ چلو کا ٹرینڈ چلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سہولت بائیس کروڑ عوام سے صرف ایک شخص کو ملتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان زمان پارک سے چلے تو جان بوجھ کر تاخیر کی گئی تاکہ لوگوں کا ہجوم اکھٹا ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ضمانت قبل از وقت گرفتاری ہے ، جو عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوتا کیا وہ ایف ائی اے کے سامنے پیش ہوگا، عدالت کیوں گرفتاری کا حکم نہیں دیتی۔