مسلسل تین برس تک خیمے میں سونے والے لڑکے نے لاکھوں ڈالر جمع کرلیے

 لندن: برطانیہ کے ایک نوجوان نے بسترِ مرگ پر پڑے لاعلاج افراد کے ہسپتال کے لیے مسلسل تین سال تک خیمے میں سوکر 860000 ڈالرسے زائد کی رقم جمع کرلی ہے جو پاکستانی روپوں میں 34 کروڑ 27 لاکھ روپے کی رقم بنتی ہے۔

ڈے وون کے رہائشی میکس ووسے نے اپنے گھر کے لان کے باہر ایک خیمے میں مسلسل تین سال تک سونے کا ریکارڈ قائم کیا ہے جس کی تصدیق گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی کی ہے۔

مارچ 2020 میں انہوں نے دس سال کی عمر میں یہ کام شروع کیا تھا جس کا نام ’خیمے میں لڑکا‘ رکھا گیا تھا۔ تاہم کم عمری کے باوجود وہ مستقل مزاجی سے اپنے خیمے تک محدود رہے اور صرف ضروری کام کے لیے وہاں سے اٹھے۔

سوشل میڈیا پر شہرت کے بعد انہیں لندن چڑیا گھر، ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ اور مشہور رگبی گراؤنڈ میں بھی اپنا خیمہ لگایا اور وہاں انہیں غیرمعمولی رقم عطیہ کی گئی۔

وہ شروع میں صرف 100 پونڈ جمع کرنا چاہتے تھے لیکن لوگوں کی غیرمعمولی حوصلہ افزائی پرانہوں نے دورانیہ بڑھادیا۔