شمالی کوریا کا یوکرین جنگ میں روس کی مدد کیلئے اپنے فوجی بھیجنے پر غور

شمالی کوریا کی جانب سے یوکرین جنگ میں روسی افواج کی مدد کیلئے اپنے فوجی بھیجنے پر غور، 8 لاکھ سے زائد رضاکاروں نے جنگ میں حصہ لینے کا ارادہ ظاہر کر دیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی صحافی نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے  پانچ لاکھ فوجی یوکرین جنگ میں روسی افواج کی مدد کرنے کیلئے تیار کیے جا رہے ہیں، جبکہ  رضاکاروں کی بھرتی کے اعلان کے بعد آٹھ لاکھ سے زائد افراد نے جنگ میں روسی فوج کی مدد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

روسی صحافی نے دعویٰ کیا کہ شمالی کوریا کے وار ویٹرن آرگنائیزیشن کے سربراہ نے انہیں بتایا کہ شمالی کوریا کے پچاس ہزار اسپیشل فورس کے جوان یوکرین جنگ میں روس کی مدد کیلئے روانہ ہونے کیلئے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا نے الزام عائد کیا تھا کہ روس کی جانب سے یوکرین جنگ میں شمالی کارویا کا اسلحہ استعمال کیا جا رہا ہے تاہم روس اور شمالی کوریا دونوں نے امریکی دعوؤں کو مسترد کردیا تھا۔