ادویات 14 سے 20 فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ادویات چودہ سے بیس فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

  وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں روز ویلٹ ہوٹل، گندم کی خریداری اور ادویات مہنگی کرنے سمیت متعدد معاملات پر بات کی گئی۔

ای سی سی نے ایک بار کے لیے ادویات کی قیمتوں میں چودہ سے بیس فیصد تک اضافے کی اجازت دے دی، ضروری اور جان بچانے والی ادویات مہنگائی کے ستر فیصد کے تناسب سے مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی یعنی ان ادویات کی خوردہ قیمت (پرچون قیمت) میں چودہ فیصد تک اضافہ کیا جاسکے گا۔

اسی طرح عام دوائیں بھی مہنگائی کے ستر فیصد کے برابر مہنگی کرنے کی اجازت دی گئی ہے مگران کی قیمت میں بیس فیصد سے زیادہ اضافہ نہیں کیا جا سکے گا۔