کاروں کی فروخت میں 10 ماہ کے دوران 54 فیصد کمی

ملک میں کاروں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 54 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کر دہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اپریل تک کی مدت میں ملک میں 88620 یونٹس مسافر کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 54 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 191238 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

اپریل میں 2844 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو مارچ کے مقابلہ میں 61 فیصد کم اور گزشتہ سال اپریل کے مقابلہ میں 95 فیصد کم ہے۔ مارچ میں ملک میں 7201 یونٹس اور گزشتہ سال اپریل میں 18626 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 1300 سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی 41497 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 51 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1000 سی سی اور ا س سے زیادہ پاور کی 84396 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ اسی طرح اسی مدت میں 1000 سی سی پاور کی 11531یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 70 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1000 سی سی یونٹ تک کے 38170 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

اعدادوشمار کےمطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 1000 سی سی سے کم پاور کی 35592 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کےمقابلہ میں 48 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 800 سی سی سے کم پاور کے 68678 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔