دو مزید کور کمانڈرز کے گھر بھی نشانے پر تھے، عامر میر کا بڑا دعویٰ

پنجاب کے وزیر اطلاعات عامر میر نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف 9 مئی کو احتجاج کرنے والوں کے نشانے پر دو مزید کور کمانڈرز کے گھر تھے تاہم وہ اس منصوبے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

 انہوں نے کہا کہ اصل میں منصوبے کے مطابق احتجاج کرنے والوں نے گوجرانوالہ اور راولپنڈی کے کور کمانڈرز کی رہائش گاہوں کو بھی ٹارگٹ کرنا تھا مگر خوش قسمتی سے وہ ان حملوں میں کامیاب نہ ہو سکے۔

عامر میر نے کہا کہ عسکری ٹاور کو آگ لگانے والے بہت سے افراد جو لاہور کے کور کمانڈر ہاؤس کی طرف گئے تھے ان کے پی ٹی آئی لیڈروں کے ساتھ رابطے ثابت ہو چکے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں عامر میر کا کہنا تھا کہ سانحہ نو مئی میں ملوث افراد کے خلاف واضح شواہد موجود ہیں اور وہ قانونی کارروائی سے بچ نہیں سکیں گے۔