بلوچستان: دہشتگردوں کا سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 2 جوان شہید

پاک فوج کے مزید دو جوان مادروطن پر جان نچھاور گئے۔ دہشتگردوں سے مردانہ وار جھڑپ میں بہادری سے لڑتے ہوئے جوانوں نے جان کا نذرانہ پیش کردیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے سگوان میں دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔ تاہم پہلے سے الرٹ سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے دہشتگردوں کے حملے کا جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے لڑتے ہوئے دہشتگردوں کو پیچھے دھکیل دیا۔ تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان مادروطن پر جان نچھاور کرگئے۔ 

شہادت کے رتبے پر فائز ہونے والے سپاہیوں کی شناخت سپاہی حسنین اشتیاق اور سپاہی عنایت اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ 

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ دہشتگردوں کے فرار کے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے اور ایرانی حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔