رحمان بابا ٹرین کی پاور پلانٹ بوگی میں آتشزدگی، پشاور پنڈی ریلوے ٹریفک معطل

راولپنڈی: پشاور سے کراچی جانے والی رحمان بابا ایکسپریس  خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی، ٹرین کی پاور پلانٹ بوگی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی مگر عملے نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے متاثرہ بوگی کو ٹرین سے علیٰحدہ کردیا۔ 

تفصیلات کے مطابق ٹیکسلا ریلوے اسٹیشن کے قریب پشاور سے کراچی جانے والی رحمان بابا ایکسپریس  بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، چلتی ٹرین کی  پاور پلانٹ والی بوگی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

ریلوے حکام کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس کی پاور پلانٹ بوگی میں   آگ لگنے کی اطلاع کے بعد مقامی فائربریگیڈ عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، پاور پلانٹ بوگی میں لگنے والی آگ شدید تھی جس سے اٹھنے والا دھواں دور سے دیکھا جاسکتا تھا۔

آتشزدگی کے واقعے کے بعد عارضی طور پشاور اور راولپنڈی کے مابین ریلوے ٹریفک معطل کردی  گئی۔  ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ رحمان بابا ایکسپریس عملے  کی حاضر دماغی کی وجہ سے بڑے حادثے سے محفوظ رہی اور ٹرین میں سوار تمام مسافر محفوظ ہیں۔

حکام کا کہنا  تھا کہ پاور پلانٹ بوگی میں  آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ آتشزدگی  کی وجہ جاننے کے لیے ماہرین نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔