شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک

‏پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔‏

‏یہ آپریشن 14 اور 15 اگست کی درمیانی شب کیا گیا تھا۔ سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد مارے گئے۔‏

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔‏

‏دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔‏

‏پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن خطے میں دہشت گردوں کے خلاف جاری کاروائیوں کا تسلسل ہے۔‏