‏امریکہ نگران حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار‏

‏امریکہ نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر پاکستان میں نگران حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔‏

‏امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم عبوری وزیراعظم اور ان کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں کیونکہ وہ انتخابات کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ امریکہ اتحادی حکومت کی تحلیل اور سینیٹر انور کاکڑ کو نگراں وزیر اعظم نامزد کرنے سے آگاہ تھا۔‏

‏ترجمان نے کہا کہ یقینا ہم باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھیں گے جس میں پاکستان کے معاشی استحکام، خوشحالی اور استحکام اور جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے احترام میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد شامل ہے۔‏

‏ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ پاکستانی قیادت کے ساتھ باقاعدگی سے بات چیت کر رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کے انسداد دہشت گردی مذاکرات اور دیگر دوطرفہ مشاورت سمیت افغانستان پر تفصیلی بات چیت کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی استحکام کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے میں ہمارے پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات ہیں اور عسکریت پسندوں اور دہشت گرد گروہوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور قانون کی حکمرانی کو فروغ دینے کے طریقے سے اپنے شہریوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے پاکستانی حکومت کی کوششوں کی بھی حمایت کرتا ہے۔‏