‏وکلاء کا مطالبہ: بروقت انتخابات کے لیے سپریم کورٹ مداخلت کرے

‏سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن کے اندر عام انتخابات ‏‏کرانے کی تاریخ کا‏‏ اعلان کرنے کی ہدایت کی جائے۔‏

‏درخواست میں مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کی جانب سے 5 اگست کو مردم شماری نتائج کی منظوری معطل کرنے کی بھی مانگ کی گئی ہے، جس کے بعد انتخابات میں تاخیر یقینی دکھائی دیتی ہے۔‏

‏‏آئین کے آرٹیکل 224 کے مطابق قومی اسمبلی یا صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات اس دن کے فورا بعد ساٹھ دن کے اندر کرائے جائیں گے جس دن اسمبلی کی مدت ختم ہونے والی ہے بشرطیکہ اسمبلی جلد تحلیل نہ ہو جائے۔‏

‏قبل از وقت تحلیل کی صورت میں الیکشن کمیشن تحلیل ہونے کے بعد 90 دن کے اندر عام انتخابات کرانے کا پابند ہے۔‏

‏چونکہ قومی اسمبلی اپنی مدت ختم ہونے سے تین دن قبل رواں ماہ تحلیل کر دی گئی تھی، اس لیے انتخابات 9 نومبر تک ہونے چاہیئں۔‏

‏تاہم، تازہ ترین مردم شماری کی منظوری اور نوٹیفکیشن کے بعد، انتخابات کو اس سے آگے بڑھنے کا امکان ہے۔‏