پاکستانی سپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان اپنے پرانے دوست اور کاروباری شخصیت سلیم کریم کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔
اداکارہ کی شادی کی تقریب میں محدود تعداد میں قریبی دوست اور رشتہ دار شریک ہوئے۔
اداکارہ ماہرہ خان کی منیجر انوشے طلحہ خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن کے سفید جوڑے میں ملبوس اداکارہ اپنے شوہر کی جانب بڑھ رہی ہیں۔
اداکارہ ماہرہ خان بول، منٹو، ایکٹر ان لا، رئیس، ورنہ، سات دن محبت اِن جیسی فلموں میں کام کرچکی ہیں جبکہ حال ہی میں فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں ان کی جاندار اداکاری کو نہ صرف شائقین اور فینز بلکہ فلم ناقدین کی جانب سے بھی سراہا گیا تھا۔
اس سے قبل 2007 میں اداکارہ ماہرہ خان کی علی عسکری سے پہلی شادی ہوئی تھی تاہم 2015 میں جوڑے نے علیحدگی اختیار کرلی تھی ، پہلی شادی سے ماہرہ خان کا ایک 13 سالہ بیٹا ہے۔
ماہرہ خان کا عروسی لباس کتنے لاکھ کا ہے؟
گزشتہ روز ماہرہ خان کی شادی کی مختصر تقریب مری کے نجی ہوٹل میں ہوئی۔رپورٹس کے مطابق 2 روز قبل شروع ہونے والی اداکارہ کی شادی کی تقریبات کے لیے ہوٹل کے 200 کمروں کو 6 دن کیلئے بک کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیزائنر فراز منان کی ترجمان نے تصدیق کی کہ ماہرہ خان نے اس خاص دن کے لیے ان کے تیار کردہ جوڑے کا انتخاب کیا جس کی قیمت واضح طور پر ظاہر نہ کرتے ہوئے انہوں نے اتنا بتانے پر اکتفا کیا کہ ہمارے کسٹمائزڈ برائیڈل ڈریسز کی قیمت 35 لاکھ روپے سے شروع ہوتی ہے۔
ڈیزائنر فراز منان کی ترجمان کی بات سے واضح ہوتا ہے کہ ماہرہ خان کے عروسی جوڑے کی قیمت بھی 35 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ ہوگی۔
شادی کی اس پروقار تقریب کے لیے اداکارہ نے میک اپ آرٹسٹ بابر ظہیر کا انتخاب کیا جب کہ سوشل میڈیا ذرائع کے مطابق دلہے میاں سلیم کریم نے یوسف بشیر قریشی (وائی کیو بی) اسٹوڈیو کے لباس کو منتخب کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال ماہرہ خان نے ثمینہ پیرزادہ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے سلیم کریم سے تعلقات کی تصدیق کی تھی۔ماہرہ خان سے ایک سوال یہ بھی کیا گیا آپ کو محبت ہوگئی ہے؟ اس کے جواب میں مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ ہاں شاید مجھے محبت ہوگئی ہے لیکن میں اتنی آسانی سے اس حوالے سے بات نہیں کر سکتی کیوں کہ میں بہت شرمیلی ہوں۔