بھارتی فلم ’رئیس‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کردار ادا کرنے والی پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان کی شادی پر ریتک روشن اور سونم کپور سمیت بولی وڈ کی دیگر مقبول شخصیات نے مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ماہرہ خان نے 4 اکتوبر کو اپنی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں جب کہ ان کی منیجر اور بھائی سہیل خان نے 2 اکتوبر کو اداکارہ کی شادی کی تصدیق کی تھی۔
ماہرہ خان نے اپنے دیرینہ دوست صنعت کار سلیم کریم سے پنجاب کے سیاحتی مقام مری میں شادی کی تھی اور شادی کے موقع پر اداکارہ کے بیٹے اذلان بھی ان کے ہمراہ دکھائی دیے تھے۔
ماہرہ خان کی یہ دوسری شادی تھی، اس سے قبل انہوں نے پہلی شادی 2007 میں علی عسکری سے کی تھی، جن سے انہیں بیٹا اذلان ہے جن کی پیدائش 2008 میں ہوئی تھی۔
اداکارہ کی جانب سے انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شئیر کرنے کے بعد ساتھی اداکاروں سمیت مداحوں نے مبارک باد کے پیغامات بھیجے۔