علی ظفر نے ورلڈکپ کا نیا ترانہ جاری کردیا

نامور گلوکار علی ظفر نے مداحوں کی بھرپور فرمائش پر ورلڈکپ کے لیے نیا ترانہ جاری کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر علی ظفر نے ’مزہ آیا‘ کے ٹائٹل سے نیا ترانہ جاری کیا جس کے بول بھی انہی نے خود لکھے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’کاش میرے پاس مزید وقت ہوتا لیکن کرکٹ اور اپنے مداحوں کی محبت کی خاطر ایک بار پھر بھائی حاضر ہے، پریزنٹنگ ’مزہ آیا‘، لطف اندوز ہوں‘۔

علی ظفر کی جانب سے ورلڈٖکپ کا نیا ترانہ جاری کرنے کے بعد مداحوں نے لکھا ’بھائی ہمیں مایوس نہیں کرتے، شکریہ‘۔

ماریہ نامی صارف نے لکھا کہ ’علی ظفر کا ترانہ آئی آئی سی کے آفیشل ترانے سے بہتر ہے۔

جبکہ دیگر مداحوں نے بھی علی ظفر کو نیا ترانہ جاری کرنے پر خوب داد دی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ علی ظفر نے ورلڈکپ شروع ہونے سے قبل 25 ستمبر کو ترانہ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ان کا یہ اعلان اس وقت سامنے آیا تھا کہ جب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ورلڈکپ کا ترانہ جاری کیا گیا لیکن شائقین کو ترانہ پسند نہیں آیا اور گانے پر شدید تنقید بھی کی تھی۔

20 ستمبر کوآئی سی سی کی جانب سے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے آفیشل ترانے کی دھن بولی ووڈ کے مشہور موسیقار پریتم چکرورتی نے تیار کی تھی جبکہ نامور اداکار رنویر سنگھ نے ویڈیو میں پرفارم کیا تھا۔

’دل جشن بولے‘ کے ٹائٹل سے جاری ترانے کی ویڈیو میں شائقین کے کرکٹ کے جذبے اور جوش کی منظر کشی کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

اسی دوران پاکستانی شائقین نے گلوکار علی ظفر سے ورلڈ کپ کا ترانہ جاری کرنے کی فرمائش کی تھی۔

گلوکار نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوکر نوجوان میوزک کمپورز، رائٹرز اور پروڈیوسرز کو دعوت دی تھی کہ وہ علی ظفر کے ساتھ مل کر نیا ترانہ بنانے میں مدد کریں۔