افغانستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، شکست پر دُکھ ہوا، بابر اعظم

آئی سی سی ورلڈکپ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ اس شکست سے ٹیم کو دکھ ہوا ہے، بولنگ اور فیلڈنگ اچھی نہیں تھی۔سے قبل افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دی تھی۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ افغانستان کو مبارک پیش کرتا ہوں، کرکٹ ہے کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس شکست سے ٹیم کو دکھ ہوا ہے، بولنگ اور فیلڈنگ اچھی نہیں تھی جبکہ مڈل اوور میں اسپینرز نے اچھے اوورز نہیں کیے، فیلڈنگ کے دوران کھلاڑیوں کی سوچ کہیں اور ہوتی، معلوم نہیں کیا سوچ رہے ہوتے ہیں، کوشش ہوگی جیتنے میچز ہیں انہیں جیتیں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ مجھ پر کپتانی کا بوجھ نہیں، جب بیٹنگ کرتا ہوں تو صرف اپنی بیٹنگ کرتا ہوں، جب کپتانی کی باری ہوتی ہے تو پوری کپتانی کرتا ہوں۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کلک نہیں کر پا رہی، فیلڈنگ میں فوکس پورا نہیں ہو رہا، بھارت سے شکست کے بعد دباؤ میں رہنے والی بات درست نہیں ہے،  بھارت کے بعد آسٹریلیا سے اچھا کھیلے بس ہمارے پلان کامیاب نہیں ہو رہے۔

بابر اعظم نے خود پر ہونے والی تنقید پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف کیا مہم چل رہی ہے میرے علم میں نہیں ہے۔