ممبئی: انڈین فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار وجے تھالاپتی کی نئی فلم ’لیو‘ جلد 600 کروڑ کا سنگ میل عبور کرنے والی ہے اور فلم کی او ٹی ٹی ریلیز تاریخ بھی سامنے آگئی۔
’لیو‘ نے اپنے شاندار بزنس کے ساتھ تیسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی تامل فلم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے اور وہ اب صرف رجنی کانت کی ’جیلر‘ اور ’2.0‘ سے پیچھے ہے۔
بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق فلم 16 نومبر کو نیٹ فلکس میں پیش کی جائے گی اور پوری دنیا سے لوگ ایکشن بلاک بسٹر کو دیکھ سکیں گے۔
تھرل اور ایکشن سے بھرپور ’لیو‘ 19 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنی تھی اور اس میں سنجے دت بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
سپراسٹار تھالاپتی وجے نہ صرف بھارتی ریاستوں تامل ناڈو، کیرالا اور کرناٹکا میں بڑی فین فالوونگ رکھتے ہیں بلکہ بیرون ملک میں بھی ان کے مداحوں کا ایک بڑا حلقہ موجود ہے۔