لاہور بار ایسوسی ایشن نے وکلاء کے کسی بھی سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے پر وکلاء برادری سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور بار کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن کسی سیاسی جماعت کی حمایت کرتی ہے اور نہ ہی کسی جماعت کیخلاف کوئی عزائم ہیں۔
لاہور بار ایسوسی ایشن نے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ تمام وکلاء بلا کسی تفریق ہمارے لئے محترم ہیں، اگر کوئی وکیل کسی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتا ہے تو وہ اس کا ذاتی فعل ہے۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ لاہور بار کسی کے سیاسی طور پر کئے گئے قول و فعل کی حمایت نہ کرتی ہے اور نہ کرے گی، کسی بھی جماعت سے منسلک وکلاء اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں۔
لاہور بار ایسوسی ایشن کے مطابق بار کسی بھی وکیل کے فیصلوں کی تائید نہیں کرتی۔ کوئی بھی وکیل کسی بھی سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے اور سیاسی معاملات میں آزاد ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ الیکشن لڑنا کسی بھی وکیل کا ذاتی فعل ہے، لاہور بار اپنے پلیٹ فارم سے ایسے وکلاء کے سیاسی فیصلے یا عمل کی ذمہ دار نہیں ہے۔