اداکار حمزہ علی عباسی کی ڈھائی سال بعد ٹی وی پر واپسی

شوبز انڈسٹری سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے والے اداکار حمزہ علی عباسی کی ڈھائی سال بعد ٹی وی پر واپسی ہورہی ہے۔

 ڈرامہ سیریل پیارے افضل سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اداکار حمزہ علی عباسی کی جلد ڈرامہ انڈسٹری پر واپسی ہورہی ہے۔

حمزہ علی عباسی نے اگست 2020 میں مختلف وجوہات کی بنا پر شوبز سے طویل عرصے تک کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ دو سال سے اگرچہ حمزہ علی عباسی ٹی وی شوز میں بطور مہمان دکھائی دیے، تاہم انہوں نے بطور اداکار یا گلوکار کسی منصوبے میں حصہ نہیں لیا تھا۔

تاہم انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی کے اعلان کے ایک سال بعد ہی عندیہ دیا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر جلد شوبز میں واپسی کریں گے، تاہم 2022 میں ایک انٹرویو کے دوران وہ شوبز میں واپسی کے حوالے سے تذبذب کا شکار دکھائی دیے تھے۔

اب خبریں سامنے آرہی ہیں کہ حمزہ علی عباسی ایک مرتبہ پھر ٹی وی انڈسٹری میں واپس آرہے ہیں اور ان کا ڈرامہ جلد نشر کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی نے اے آر وائی ڈٰیجیٹل کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’پیارے افضل‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جس میں ان کے ہمراہ عائزہ خان، سوہائے علی ابڑو ودیگر شامل تھے۔