ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے حماس کی جانب سے غزہ کے دورے کی دعوت پر وہاں جانے سے انکار کر دیا ہے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں ایلون مسک نے غزہ جانے سے انکار کیا۔
انہوں نے ایک صارف کی پوسٹ پر ریپلائی کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت غزہ جانا خطرناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ابھی وہاں جانا خطرناک لگتا ہے، مگر میرا ماننا ہے کہ طویل المعیاد بنیادوں پر خوشحال غزہ تمام فریقین کے لیے بہترین ہوگا'۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بیروت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماس کے رہنما اور ترجمان اسامہ حمدان نے ایلون مسک کو غزہ کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ایلون مسک نے جیسے اسرائیل کا دورہ کیا، ویسے غزہ کا دورہ بھی کریں اور وہاں اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی تباہی دیکھیں۔
ایلون مسک نے رواں ہفتے اسرائیل کا دورہ کیا تھا جس کے دوران وہ ان علاقوں میں بھی گئے جہاں 7 اکتوبر کو حماس نے آپریشن طوفان الاقصیٰ کیا تھا۔
ایلون مسک 27 نومبر کی صبح تل ابیب پہنچے تھے جس کے بعد انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم کےساتھ مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران ایلون مسک نے اسرائیل کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔
ایلون مسک کے دورے کے موقع پر اسرائیل کی جانب سے ان کے ساتھ ایک معاہدہ کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔
اسرائیلی وزیر کمیونیکیشن نے اعلان کیا کہ ایلون مسک نے اسرائیل کی مرضی کے بغیر غزہ کو اسٹار لنک سیٹلائیٹ انٹرنیٹ سروس فراہم نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس سے قبل ایلون مسک نے غزہ میں مواصلاتی نظام اور انٹرنیٹ بندش پر سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز دینے کا اعلان کیا تھا، جس کی اسرائیل کی جانب سے مخالفت کی گئی تھی۔