کراچی میں دکانوں سے پھیلنے والی آگ نے رہائشی فلیٹوں کو لپیٹ میں لے لیا

کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب دکانوں میں آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے رہائشی فلیٹوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے عائشہ منزل کے قریب دکانوں میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں آگ نے متعدد دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آتشزدگی کے باعث دکانوں کے قریب کھڑی گاڑی اور درخت بھی آگ کی لپیٹ میں آگئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کچھ سامان باہر نکالا، فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

ایس ایس پی کے مطابق دکانوں میں لگنے والی آگ اوپر عمارت تک جاپہنچی، عمارت میں موجود افراد کو پولیس نکال رہی ہے۔

عمارت میں پھنسے ہوئے افراد کو باہر نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ رینجرز اور پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر موجود ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 7 فائر ٹینڈرز، ایک اسنار کل اور باؤزر موقع پر موجود ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ موقع پر موجود ہیں اور آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں، فائر آڈٹ سے متعلق اقدامات شروع کردیے گئے ہیں، تمام شاپنگ مالز اور رہائشی عمارتوں کا آڈٹ کیا جائے گا، آگ سے بچاؤ کے انتظامات کا کراچی بھر کی عمارتوں میں جائزہ لیا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ اس وقت پہلی کوشش انسانی جانوں کو بچانا ہے، عمارت میں اس وقت کتنے لوگ ہیں بتانا مشکل ہے۔