آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کو آئندہ بجٹ سے متعلق تجاویز دیدیں

آئی ایم ایف مشن کی جانب سے وزارت خزانہ کے ساتھ ہونے والے اہم اجلاس میں آئندہ بجٹ سے متعلق تجاویز دے دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی نگراں وزیرخزانہ شمشاد اختر اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ٹیکنیکل مشن کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں آئندہ بجٹ کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا گیا۔ 

جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف مشن نے وزارت خزانہ کو آئندہ بجٹ کے حوالے سے تجاویز دی ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف وفد نے بجٹ سازی کا عمل ڈیجیٹل کرنے سے متعلق تجاویزدیں۔

وزیرخزانہ شمشاد اختر نے کہا کہ بجٹ سازی کے عمل کیلئے دی گئی تجاویز اہم ہیں۔ قابل عمل تجاویز پر آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عملدرآمد کیا جائیگا۔

اس سے قبل حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرتے ہوئے سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے آرڈیننس جاری کیا تھا۔

صدر مملکت عارف علوی نے 4 آرڈیننس جاری کیے۔ صدر نے این ایچ اے ترمیمی آرڈیننس 2023 اور پاکستان پوسٹل سروسز مینجمنٹ بورڈ ترمیمی آرڈیننس 2023 بھی جاری کیا تھا۔