یوم تشکر کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، جس میں بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے۔ لیکن دنیا نے دیکھا کہ کئی گنا بڑے دشمن کو صرف چند گھنٹوں میں شکست دی گئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے غرور کا نشان بننے والے طیارے راکھ کا ڈھیر بن گئے، اور ہماری شاہینوں نے دشمن کو کاری ضرب لگاکر عسکری تاریخ میں نیا باب رقم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کے اڈے اور اسلحہ خانے تباہ کر دیے گئے، اور قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔
دوسری جانب، صدر آصف علی زرداری نے بھی یوم تشکر کے موقع پر قوم اور افواج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص دشمن کے لیے پیغام ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام وسائل استعمال کرے گا۔