اسلام آباد میں آج آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر ’’یومِ تشکر‘‘ کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا اور قومی سطح پر اس عظیم کامیابی کو سراہنا تھا۔
تقریب کا آغاز پاکستان مونومنٹ پر تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم شہباز شریف تھے جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، وفاقی وزرا، غیر ملکی سفارت کار، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب کے آغاز میں میزبانوں نے کہا کہ یہ صرف عسکری کامیابی نہیں بلکہ پوری قوم کی اجتماعی کاوش کا نتیجہ ہے اور ہم اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں کہ حق نے باطل پر ایک بار پھر غلبہ پایا۔
اس موقع پر فضا میں پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا، جسے حاضرین نے خوب سراہا اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔