اے این ایف کی بلوچستان میں کارروائیاں، 15 من سے زائد منشیات برآمد

 کوئٹہ: اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے 15 من سے زائد کرسٹل، ہیروئن، چرس اور دیگر منشیات برآمد کرلیں۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں ماشکیل، چاغی اور کوئٹہ میں کارروائیوں کے دوران 15 من سے زائد کرسٹل، ہیروئن، چرس اور افیون تحویل میں لے لی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور کوئٹہ کے قریب مغربی بائی پاس میں اینٹی نارکو آپریشن کے دوران 230کلوگرام ہیروئن، 220 کلوگرام کرسٹل، 100کلوگرام افیون اور 80کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ شیرشاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب 3 ملزمان سے 6.8کلوگرام ویڈ، کھنہ پل اسلام آباد میں بھی کارروائی کی گئی جہاں 602گرام ویڈ برآمد کی گئی، ایک اور کارروائی کے دوران راولپنڈی میں صدرکے قریب 2 ملزمان سے 2.5 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی ہے۔

اے این ایف کے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔