شانگلہ حملہ؛ چائنیز کا 12 گاڑیوں کا قافلہ فول پروف سکیورٹی میں تھا، پولیس

پشاور: بشام میں ہونے والے خودکش حملے کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ 12 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ فول پروف سکیورٹی میں تھا۔

شانگلہ میں چینیوں کو لے جانے والے قافلے پر حملے کا مقدمہ د رج کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے سی ٹی ڈی کو مراسلہ بھیج دیا گیا ہے۔ تھانہ بشام کے ایس ایچ او کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ اطلاع ملی کہ لاہور نالہ بشام میں چائنیز کانوائے پر خودکش حملہ ہوا ہے۔ اطلاع کے پیش نظر پولیس نفری جائے وقوع پر پہنچی۔ 12 گاڑیوں پر مشتمل چائنیز کانوائے فول پروف سکیورٹی میں اسلام آباد سے داسو ڈیم کوہستان جا رہا تھا۔

پولیس کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں بتایا گیا کہ راستے میں ایک خودکش بمبار نے بارودی مواد سے بھری گاڑی کانوائے میں شامل کوسٹر سے ٹکرا دی۔ دھماکے سے کوسٹر میں آگ لگ گئی اور گہری کھائی میں جاگری۔ واقعے سے کوسٹر میں بیٹھے 5 چائنیز ہلاک جب کہ ایک پاکستانی ڈرائیور جاں بحق ہوا۔ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی مکمل تباہ اور خودکش کے جسم کے اعضا ہوا میں اُڑے۔

مراسلے میں بتایا گیا کہ دھماکے سے کانوے میں موجود دوسری گاڑی کو بھی کافی نقصان پہنچا۔ کانوے میں موجود دیگر چائنیز اور سکیورٹی اہل کار بال بال بچ گئے۔ واقعے کی ایف آئی آر نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کی جائے۔