کیا سولر سسٹم سے بجلی کا بل صفر کیا جاسکتا ہے؟

حالیہ عرصے میں سولر پینل کی قیمتوں میں نمایاں کمی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سولر سسٹمز کی طلب میں غیرمعمولی رحجان دیکھنے میں آرہا ہے لیکن سولر پینل سے جوڑی چند اہم باتیں بالخصوص سولر سے بجلی کے بل میں نمایاں کمی یا زیرو بل کرنے سے متعلق آگاہی کم ہے تو پھر سولر سے بجلی کا بل کیسے زیرو کیا جا سکتا ہے؟۔

سولر سے بجلی کا بل زیرو کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کو اپنے گھر میں موجود بجلی کے آلات اور اس کے لوڈ کے بارے میں مکمل آگاہی ہو کیونکہ گھر کے لوڈ کے حساب سے ہی سولرسسٹم لگانا چاہیے۔

سولرپینل سے پیدا ہونے والی اضافی بجلی کو نیٹ میٹرنگ کے ذریعے کے الیکٹرک یا واپڈا کو بیچ سکتے ہیں جبکہ یہی یونٹس جو آپ نے توانائی کمپنی کو فروخت کیے ہیں انہیں رات میں استعمال کرکے اپنا بل زیرو کرسکتے ہیں۔

اس ضمن میں قابل ذکر بات نیٹ میٹرنگ ہے۔ متعدد شہری نیٹ میٹرنگ کے تصور سے مکمل آگاہی نہیں رکھتے ہیں اور ان کا سوال ہوتا ہے کہ ہم واپڈا یا کے الیکٹرک یا کسی دوسری کمپنی کو بجلی کیسے فروخت کرسکتے ہیں؟

دراصل یہ ایک طریقہ کار ہے جس کے تحت آپ کا سولر سسٹم اور بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے پول کے ساتھ ایک خاص میٹر منسلک ہوتا ہے جس کی مدد سے سولر سے پیدا ہونے والی بجلی مین لائن میں شامل کی جا سکتی ہے۔

جب آپ سولرسسٹم کے ساتھ نیٹ میٹرنگ منسلک کرواتے ہیں تو دراصل بجلی کے مقررہ کردہ ریٹ پر حکومت کو بجلی فروخت کرتے ہیں۔ ’اس طرح جتنے پیسوں کے یونٹس وہ آپ سے خریدے گا اس کے عوض وہ اپنی بجلی کے یونٹس آپ کو فروخت کرے گا‘ جو آپ استعمال کرسکیں گے اور یوں بجلی کے بل میں نمایاں کمی ہوگی۔

ایک آسان کلیہ یہ بھی ہے کہ اگر آپ کے گھر کا لوڈ 7 کلو واٹ پر مشمل ہے تو بل صفر کرنے کے لیے 10 کلو واٹ کا نیٹ میٹرنگ والا سولر سسٹم لگا لیں کیونکہ 10 کلو واٹ والا سولر سسٹم 800 یونٹس بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اس طرح آپ کے گھر کی اوسط بجلی کی کھپت کم ہونے کی وجہ سے بجلی کا بل صفر ہوجائے گا۔