وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مسلسل دوسرے ہفتے مہنگائی کی رفتار میں 0.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم، سالانہ بنیاد پر اس ہفتے 0.80 فیصد کمی دیکھی گئی۔
8 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی 51 اشیاء میں سے 17 کی قیمتوں میں کمی، 25 کی قیمتیں مستحکم اور 9 اشیاء مہنگی ہوئیں۔ ٹماٹر، لہسن، آلو، پیاز، ایل پی جی، کیلا، پیٹرول، ڈیزل، آٹا، گھی اور سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔
اس کے برعکس، چکن، انڈے، چینی، بیف، دال ماش، پکا ہوا گوشت، مٹن اور گڑ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ سب سے زیادہ 10.20 فیصد اضافہ چکن کی قیمت میں ہوا جبکہ انڈے 7.36 فیصد مہنگے ہوئے۔
کم آمدنی والے شہریوں کے لیے مہنگائی کی شرح 0.10 فیصد بڑھی، جب کہ دیگر آمدنی والے طبقوں میں یہ شرح 0.18 سے 0.26 فیصد تک رہی۔ قیمتوں کے حساس اشاریہ کی بنیاد ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں سے حاصل کردہ ڈیٹا پر رکھی گئی ہے۔
