بھارتی جارحیت میں کمی اور آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے پاکستان کے لیے قسط کی منظوری کی امیدوں نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کر دیا۔ ان مثبت توقعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج زبردست تیزی دیکھی گئی۔
ٹریڈنگ کے اختتام پر 100 انڈیکس 3,647 پوائنٹس کے شاندار اضافے سے 1,00,174 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری دن کے دوران انڈیکس 5,120 پوائنٹس کی حد میں اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔
حصص بازار میں آج 51 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مجموعی مالیت 28 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی 367 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جو 12,893 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔
سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے ممکنہ قسط کی منظوری اور خطے میں تناؤ میں کمی نے مارکیٹ پر مثبت اثر ڈالا ہے۔
