معاشی پالیسیوں سے استحکام آ رہا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں بتدریج اضافہ معاشی اصلاحات کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے : وفاقی وزیر خزانہ کا سعودی عرب سرمایہ کاری فورم 2024 سے خطاب

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بہترین معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں استحکام آیا ہے۔

اسلام آباد میں سعودی عرب سرمایہ کاری فورم 2024 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پچھلے 10ماہ سے پاکستان کی کرنسی میں استحکام آیا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، معاشی اصلاحات ہمارا ایجنڈا ہے۔

وزیر خزانہ کاکہنا تھا کہ معاشی استحکام کیلئے پالیسیوں میں تسلسل ضروری ہے، پاکستان اب عمل درآمد کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ہمیں اس مقصد کے لیے اپنے ٹیکس بیس کو وسیع کرنا پڑے گا، ہمیں توانائی کے مسئلوں کو حل کرنا پڑے گا ، یہ ریفارم ایجنڈا کا دوسرا اہم حصہ ہے اور تیسرا سرکاری اداروں میں اصلاحات ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا کام بزنس کرنا نہیں ہے، حکومت کا کام پالیسی فریم ورک دینا ہے، ہمیں ایکسپورٹ کو بڑھانا ہے، نجکاری کا ایجنڈا تیزی سے مکمل کر لیں گے، اور مجھے امید ہے کہ جون کے آخر یا جولائی تک ہم اس کام کے آخری مرحلے میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نجی سیکٹر کو اس ملک کو چلانا ہوگا، معیشت کی مضبوطی کیلئے نجی شعبے کا اشتراک انتہائی ضروری ہے، تاجروں اور سرمایہ کاروں کی معاونت کیلئے وزارت خزانہ ہمہ وقت موجود ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ پرائیویٹ سیکٹرز کو آگے،وزرا اور بیوروکریٹس کو پیچھے بیٹھنا چاہیے، اب وقت آگیا ہے کہ نجی شعبہ فرنٹ سیٹ پر بیٹھے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم 24ویں آئی ایم ایف پروگرام میں جارہے ہیں، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ یہ ہمارا آخری پروگرام ہو ہمارے پاس روڈ ٹو مارکیٹ کا ایک کلیئر ویو ہونا ضروری ہے، اس میں سب سے پہلے ایکسپورٹ میں ترقی اور دوسرا براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ضروری ہے اور اس میں آپ ہماری مدد کریں گے ۔

پاکستان اورسعودی عرب کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں،: مصدق ملک

 وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں، سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں تیزی سے ترقی کی ہے، ہمیں مل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو اپنا بڑا بھائی سمجھتا ہے،  پاکستان کے پاس ہنر مند افرادی قوت کی کوئی کمی نہیں ہے، پاکستان کے ہنر مند اور ماہر افراد سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردارادا کررہے ہیں، گوادر مستقبل میں پوری دنیا کے لیے تجارتی راہداری کا بڑا مرکز بننے جارہا ہے۔

سعودی عرب پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئےانتہائی موزوں ملک سمجھتا ہے: ابراہیم بن یوسف

بعدازاں سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری ابراہیم بن یوسف المبارک نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہت اقدار مشترک ہیں، بڑی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں کردارادا کررہے ہیں، سعودی حکومت اور کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو ترجیح دے رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سعودیہ پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئےانتہائی موزوں سمجھتا ہے: سعودی نائب وزیرسرمایہ کاری

ابراہیم بن یوسف المبارک نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کی تجارت ایک دوسرے سے منسلک ہو، سعودی کمپنیاں پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے موزوں ملک سمجھتی ہیں۔

بعد ازاں خصوصی سرمایہ کاری کونسل (ایس آئی ایف سی) کے نیشنل کو آرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے پاس بہت بڑی افرادی قوت ہے، پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان کی افرادی قوت مختلف ممالک کی ترقی میں کرداراداکررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے لیے ایک بڑا تجارتی حب ہے، پاکستان وسط ایشیا کے لیے اہم تجارتی راستہ ہے،ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری کےفروغ کے لیےکلیدی کردار ادا کررہی ہے۔