سعودی کمپنیوں کا پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان

 سعودی کمپنیوں نے زراعت، خوراک، ٹیکنالوجی، توانائی شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے.

سعودی سفارتخانے کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں اسسٹنٹ منسٹر آف انویسٹمنٹ انجینئر ابراہیم المبارک کی سربراہی میں وفد نے پاکستانی حکام سے ملاقات کی۔

نیشنل ایگریکلچرل ڈویلپمنٹ کمپنی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نادک محمد الحنیف نے کہا کہ کمپنی ایک مربوط فوڈ کمپنی میں تبدیل ہونے کی طرف گامزن ہے، یہاں سرمایہ کاری کے موزوں مواقع موجود ہیں۔

وادی حلبی کمپنی کے نمائندے عبداللہ الخدیری نے بتایا کہ کمپنی ممکنہ معاہدے کے ذریعے مستقبل میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ اس سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

العسیس ہولڈنگ گروپ کے نمائندے احمد العتیبی نے وضاحت کی کہ ریسرچ پراجیکٹس اور متعلقہ آپریشنز کے حوالے سے منصوبوں کا حجم 10 لاکھ سعودی ریال سے تجاوز کر سکتا ہے، اس معاہدے سے روزگار کے بہت سے مواقع میسر آئیں گے۔

انجینئرنگ ڈائمنشن آف ٹیکنالوجی کمپنی کے سی ای او محمد الحجی نے بتایا کہ پاکستان میں توانائی کی پیداوار سے متعلق ہیڈ کوارٹر اور الیکٹرک موٹروں کے لیے ایک فیکٹری قائم کرنے کا ارادہ ہے۔

بی سی آئی کے سی ای او علا الشیخ نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے سازگار ہے ،سرمایہ کاری کا حجم اربوں ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

حصیل زرعی کمپنی کے انجینئر عبدالمحسن فہد المزینی نے بتایا کہ پاکستان میں متوقع سرمایہ کاری کا حجم 100-120 ملین ڈالر کے درمیان ہے۔

صرہ فوڈ انڈسٹریز کمپنی کے سی ای او عبدالعزیز المہوس نے کہا کہ پیاز میں مہارت رکھنے والی ایک فیکٹری کے قیام سے متوقع سرمایہ کاری کا حجم دس ملین ڈالر تک پہنچ جائے گا، جبکہ باقی اشیاء بھی درآمد کریں گے۔