پاک، انگلینڈ ویمن ون ڈے سیریز: انگلش ٹیم نے پہلے میچ میں 37 رنز سے کامیابی حاصل کرلی

انگلینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں 37 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کرانگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، مقررہ 50 اوورز میں انگلینڈ کی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز اسکور کیے، جواب میں پاکستانی ٹیم 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر206 رنز اسکور کر پائی۔

انگلینڈ کی اننگز میں ایلس کیپسی 44 رنز کے نمایاں رہیں جبکہ ایمی جونز نے 37 رنز اسکور کیے، دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 67 رنز کا اضافہ کیا۔

پاکستانی بولرز نے صرف 58 رنز دے کر آخری پانچ وکٹیں حاصل کیں، کپتان ندا ڈار کامیاب بولر رہیں، انہوں نے 56 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عالیہ ریاض، نشرہ سندھو اور ام ہانی نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے منیبہ علی 34 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں جبکہ صدف شمس 28، ندا ڈار 26، اور نجیہہ علوی نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 26 رنز اسکور کیے۔ انگلینڈ کی جانب سے سوفی ایکلسٹن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل 26 مئی کو ٹاؤنٹن میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز میزبان ٹیم نے 0-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔