کیا آپ نیند کے دوران خراٹے لیتے ہیں؟ تو اس سے صحت پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
یہ عادت گھر والوں کی نیند بھی متاثر کرتی ہے جن کے لیے کسی خراٹے لینے والے فرد کے قریب سونا آسان نہیں ہوتا۔
مگر اب ایسا منفرد تکیہ تیار کیا گیا ہے جو خراٹوں کے مسئلے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
جی ہاں واقعی ایک تکیہ آپ کو خراٹوں سے نجات دلائے گا یا کم از کم اسے بنانے والوں کا تو یہی دعویٰ ہے۔
ایسا ناممکن کام آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کی بدولت ممکن ہوگا۔
HOOTI نامی کمپنی نے next-generation anti-snore نامی تکیہ تیار کیا ہے۔
ویسے تو دیکھنے میں یہ کسی عام تکیے جیسا ہی ہے مگر اس کے اندر ایک خصوصی ڈیٹیکشن سسٹم موجود ہے جو خراٹوں سے پیدا ہونے والے ارتعاش کو شناخت کرتا ہے۔
ارتعاش کو شناخت کرنے کے بعد اس میں موجود بون کنڈکشن سسٹم ایک ایسے عمل کو متحرک کرتا ہے جو سونے والے فرد کے سر کی پوزیشن کو بدل دیتا ہے جس سے سانس کی نالی کو رکاوٹ کا سامنا نہیں ہوتا۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اب تک اس تکیے کے ذریعے جمع ہونے والا 90 فیصد سے زیادہ ڈیٹا درست ثابت ہوا ہے۔
اس نے بتایا کہ اس تکیے کے سسٹمز اس میں موجود ایک ائیربیگ پر انحصار کرتے ہیں جو صارف کو بیدار کیے بغیر سر کی پوزیشن کو بدل دیتا ہے۔
اگر آپ کو اس کا پوزیشن بدل دینے والا سسٹم پسند نہیں تو اسے ٹرن آف بھی کیا جا سکتا ہے پھر یہ تکیہ بس نیند کا ڈیٹا اکٹھا کرے گا۔
کمپنی کو توقع ہے کہ جب اکتوبر 2024 میں اسے عام فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا تو یہ دنیا بھر میں خراٹوں کے شکار متعدد افراد کو اس مسئلے سے نجات دلانے کے لیے مددگار ثابت ہوسکے گا۔