خیبرپختونخوا کے چار ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں کیو مینجمنٹ سسٹم دو سال سے غیرفعال ہونے کی تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔
خیبرپختونخوا کے چار ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں کیو مینجمنٹ سسٹم دو سال سےغیرفعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کیو ایم ایس کے غیرفعال ہونے کی تحقیقات کے لیے 2 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی چاروں ہسپتالوں میں کیو ایم ایس کےغیرفعال ہونے کی وجوہات کا پتا کرے گی جہاں ان ہسپتالوں میں نوشہرہ، ٹانک، بٹ خیلہ اور باجوڑ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شامل ہیں۔
اس حوالے سے کہا گیا کہ اس سلسلے میں تحقیقات کی جائیں کہ سسٹم کے غیرفعال ہونے سے مریضوں کو کیا مسائل ہیں جبکہ چاروں ہسپتالوں میں شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا جائے۔
اعلامیے کے مطابق کیو ایم ایس کے غیرفعال ہونے کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی تجویز کی جائے گی اور ہسپتالوں میں کیو منیجمنٹ سسٹم کو مکمل فعال کیا جائے گا۔
انکوائری کمیٹی اپنی رپورٹ 15 دنوں میں جمع کرائے گی۔