پاور ڈویژن نے خیبر پختونخوا میں گرڈ اسٹیشنز پر حملوں اور قبضے کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا جہاں حملے کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
پاور ڈویژن نے صوبہ خیبر پختونخوا میں پشاور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (پیسکو) کے چیئرمن بورڈ کو خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ گرڈ اسٹیشنوں پر حملے کرنے والوں کے خلاف بلاخوف ایف آئی آر کاٹی جائے گی اور اگر مقامی پولیس کارروائی سے کتراتی ہے تو پیسکو عملہ سیشن جج کے پاس جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پولیس اور سیشن جج یہ معاملہ حل نہ کر سکیں تو پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کر کے تجربہ کار قانونی مشیر کے ذریعے حل طلب کیا جائے گا۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پشاور کے ایم پی اے اور درگئی کے تحصیل ناظم کے خلاف بھی گرڈ اسٹیشن پر حملوں کے سلسلے میں کارروائی کی جائے گی۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ پیسکو کے گرڈ اسٹیشنز اور تنصیبات کی حفاظت کے لیے ایف سی کی خدمات لی جائیں گی اور گرڈ اسٹیشنز پر حملوں میں ملوث افراد کو میڈیا پر بھی بے نقاب کیا جائے گا۔
خط میں مزید کہا گیا کہ گرڈ اسٹیشنوں پر حملے اور اس پر قبضہ کرنے والوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی جاری کی جائیں گی۔