کراچی کے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA) میں طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے عوام پاکستان پارٹی کے کنوینر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی کی صورتحال افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 17 سال سے سندھ میں برسرِ اقتدار ہے لیکن اب تک کراچی کے پانی کے مسائل حل نہ کر سکی۔
عباسی نے سندھ میں دریائے سندھ کی نئی کینالز پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سی سی آئی کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان پراجیکٹس کے اثرات واضح کیے بغیر آگے بڑھنا صوبوں کے درمیان عدم اعتماد کو جنم دے گا۔
انہوں نے مسنگ پرسنز کے مسئلے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حقائق چھپائے جا رہے ہیں، ڈیٹا ڈاکیومنٹ نہیں کیا جا رہا۔ کرپشن، گندم کی قیمت، کسانوں کے مسائل اور میڈیا کی خاموشی پر بھی انہوں نے تشویش کا اظہار کیا۔
عباسی کا کہنا تھا کہ آج ہر اپوزیشن جماعت کسی نہ کسی سطح پر حکومت میں ہے، مگر کوئی عوام کے مسائل پر رول ماڈل نہیں بن سکا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کو ایک پلیٹ فارم پر بیٹھ کر کھلے مکالمے کرنے ہوں گے تاکہ ملک کو آگے لے جایا جا سکے۔