قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کو سختی سے رد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیں ڈرا نہیں سکتا، کیونکہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر تربیت یافتہ اور ہر قسم کی صورت حال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نہ تو دہشتگردی کو سپورٹ کرتا ہے اور نہ ہی اسلام اس کی اجازت دیتا ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ ہمارا دین امن کا پیغام دیتا ہے اور ہم ایک پرامن قوم ہیں، جو طویل عرصے سے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔
اس سے قبل پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے تناظر میں شاہد آفریدی نے مودی حکومت کو ناکارہ قرار دیا تھا، جس پر بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے ردعمل دیا۔ جواباً شاہد آفریدی نے فوجی یونیفارم پہنے ایک تصویر شیئر کی اور چائے کا کپ دکھاتے ہوئے طنزیہ انداز میں شیکھر دھون کو چائے کی دعوت دی۔
واضح رہے کہ پہلگام میں بھارتی سیاحوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جس میں بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے اقدامات شامل ہیں، جن پر پاکستان نے بھی سخت ردعمل دیا ہے۔
