پاکستان کی ترقی کے لیے اصلاحات کے ساتھ تبدیلی ضروری ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان صرف اصلاحات پر اکتفا نہیں کر رہا بلکہ ایک مکمل تبدیلی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے یہ بات لندن میں عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ ایک اہم اسٹریٹجک اجلاس میں کہی، جس میں پاکستان کی معیشت، جاری اصلاحات اور مستقبل کی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے 3.6 کھرب روپے کا پرائمری بجٹ سرپلس حاصل کیا، مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی ہے، اور قرض کا بوجھ بھی کم ہوا ہے۔ ان مثبت اشاریوں کی بدولت پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہوئی اور بین الاقوامی اعتماد میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئی ٹیکس اصلاحات کے ذریعے معیشت کے غیررسمی شعبوں کو بھی نیٹ میں لایا جا رہا ہے جبکہ ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن سے کرپشن کی روک تھام ممکن ہوگی۔

اجلاس میں معدنیات، ڈیجیٹل معیشت، قابل تجدید توانائی اور دیگر شعبوں میں ابھرتے مواقع کو نمایاں کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ پاکستان کی اقتصادی بحالی اب صرف ایک خواب نہیں بلکہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے۔