کراچی: مسلح ملزمان مویشیوں سے بھرا ٹرک لے اُڑے

عید قربان قریب آتے ہی کراچی میں مویشی چھیننے کی وارداتیں شروع ہوگئیں۔ لیاقت آباد میں کار سوار مسلح ملزمان بھینس کالونی سے خریدے گئے تین مویشیوں سے بھرا ٹرک چھین کر فرار ہوگئے۔

متاثرہ شہری محمد نعیم قریشی کے مطابق وہ ٹرک میں تین قربانی کے جانور لاد کر اورنگی ٹاؤن جا رہا تھا کہ کار میں سوار ملزمان نے تعاقب کے بعد اسلحے کے زور پر ٹرک ڈرائیور کو نیچے اتار کر گاڑی میں سوار کیا اور خود ٹرک لے کر فرار ہو گئے۔

کچھ فاصلے پر ملزمان نے ڈرائیور کو بھی چھوڑ دیا، جبکہ خالی ٹرک نیپا چورنگی کے قریب سے برآمد ہوا۔ واقعہ 9 مئی کو پیش آیا جبکہ مقدمہ 10 مئی کو لیاقت آباد تھانے میں درج کیا گیا۔

متاثرہ شہری کے مطابق چھینے گئے مویشیوں کی مالیت 6 لاکھ روپے سے زائد تھی، تاہم کئی روز گزرنے کے باوجود پولیس اب تک جانوروں یا ملزمان کا سراغ نہیں لگا سکی۔ شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔