2023 میں بھرتی روک کر مصنوعی ذہانت اے آئی پر انحصارکرنے والی سویڈن کی فِن ٹیک کمپنی کلارنا نے نے تسلیم کیا ہے کہ اے آئی کسٹمر سروس میں انسانی معیار فراہم کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث انسانی رابطے کی ضرورت محسوس ہونے لگی ہے۔
کلارنا جو ”اب خریدیں، بعد میں ادائیگی کریں“ کی سہولت فراہم کرتی ہے، نے 2021 میں اے آئی کے ساتھ شراکت داری کی تھی تاکہ وہ اپنے کام کو مزید خودکار بنانے کی کوشش کرے۔
اس شراکت داری کے دوران، کلارنا نے اے آئی کو کسٹمر سروس ایجنٹس کے طور پر استعمال کرنا شروع کیا تھا تاکہ کمپنی اپنے اخراجات کو کم کر سکے۔
2023 میں کلارنا نے جنریٹیو اے آئی کے ذریعے ترجمہ، آرٹ پروڈکشن اور ڈیٹا تجزیہ جیسے کاموں کو آؤٹ سورس کرکے 10 ملین ڈالر کی بچت کی تھی۔
تاہم، کلارنا کے سی ای او سباسٹین سیمیاٹکوسکی نے حال ہی میں اس بات کا اعتراف کیا کہ اے آئی ایجنٹس کے کام کا معیار انسانی ایجنٹس کی سطح تک نہیں پہنچ سکا۔
انہوں نے کہا، ہم نے اپنی کسٹمر سروس میں اے آئی کو استعمال کیا تھا لیکن جب ہم نے نتائج کا تجزیہ کیا تو پتا چلا کہ کسٹمر کے ساتھ براہ راست انسانی رابطے کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔
سباسٹین سیمیاٹکوسکی کا مزید کہنا تھا، ”برانڈ کے نقطہ نظر سے، ہمیں اپنے گاہکوں کے ساتھ یہ بات واضح کرنی چاہیے کہ اگر وہ چاہیں تو ہمیشہ ایک انسان ان کے ساتھ ہوگا۔ بدقسمتی سے، اے آئی کی مدد سے ہم معیار کے حوالے سے وہ نتائج حاصل نہیں کر سکے جو ہم چاہتے تھے۔“
2023 کے دوران، کلارنا نے اپنے ہیڈ کاؤنٹ میں کمی کی تھی اور اس کا اثر اس کے ملازمین کی تعداد پر بھی پڑا۔ 2022 کے آخر تک کلارنا کے پاس 5527 کل وقتی ملازمین تھے، لیکن دسمبر 2023 میں یہ تعداد 3422 تک محدود ہو گئی۔
کمپنی نے انسانی کارکنوں کے ساتھ کام جاری رکھنے کی ضرورت کو تسلیم کیا اور یہ فیصلہ کیا کہ وہ مستقبل میں مزید اے آئی ٹیکنالوجیز کا استعمال بڑھانے کے ساتھ ساتھ انسانی رابطے کی اہمیت کو بھی برقرار رکھے گی۔
کلارنا وہ واحد کمپنی نہیں ہے جس نے اے آئی کو بڑھانے کے لیے بھرتی روک دی ہے۔ اس سے پہلے، کراؤڈ اسٹرائیک اور ڈوولنگو جیسے عالمی ادارے بھی اے آئی کو اپنے کاموں میں شامل کرنے کی وجہ سے اپنی افرادی قوت میں کمی کر چکے ہیں۔
کراؤڈ اسٹرائیک نے اپنی افرادی قوت کا پانچ فیصد کم کیا اور اس کی جگہ اے آئی ٹیکنالوجیز لے رہی ہیں۔ اسی طرح، ڈوولنگو نے اعلان کیا کہ وہ آہستہ آہستہ ایسے کاموں کے لیے ٹھیکیداروں کا استعمال بند کر دے گا جنہیں اے آئی سنبھال سکتا ہے۔
یہ صورتحال یہ ظاہر کرتی ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کا بڑھتا ہوا استعمال نہ صرف کاروباری دنیا میں تبدیلی لے آیا ہے بلکہ اس کے اثرات ملازمتوں اور ملازمین پر بھی پڑے ہیں۔
اے آئی کی مدد سے جہاں کاروبار اپنے اخراجات کم کر رہے ہیں، وہیں انسانی کارکنوں کے لیے نئے سوالات بھی ابھر رہے ہیں کہ کیا اے آئی کی وجہ سے روزگار کے مواقع کم ہو رہے ہیں۔