عمران خان کا پولی گراف، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ سے انکار

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے تیسری مرتبہ پولی گراف ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا، جس کے بعد لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں لاہور پولیس کی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی تھی، جہاں انہیں 9 مئی کے کیسز میں عمران خان کا پولی گراف ٹیسٹ کرنا تھا۔

تاہم عمران خان نے ایک بار پھر پولی گراف، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا، جس کے باعث تفتیشی عمل متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور پولیس گزشتہ 3 روز سے عمران خان کے پولی گراف ٹیسٹ کے لیے کوشش کر رہی ہے، مگر اب تک کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔