موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سمندری حیات پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، اور نیمو نامی کلاؤن فِش اس تبدیلی سے متاثر ہو رہی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ سمندر کے بڑھتے درجہ حرارت کی وجہ سے یہ مچھلی سکڑنے لگی ہے۔
ماہرین کے مطابق 2023 میں سمندری درجہ حرارت میں تیزی سے اضافے کے بعد مرجان کی چٹانوں پر رہنے والی کلاؤن فش کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
نیو کیسل یونیورسٹی کی ڈاکٹر تھریسا روگر کے مطابق، نیمو مچھلی گرمی کے دباؤ سے بچنے کے لیے اپنے سائز میں کمی کر رہی ہے۔
تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ مچھلی نہ صرف وزن کم کرتی ہے بلکہ کئی ملی میٹر تک چھوٹی ہو جاتی ہے، جو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کی واضح علامت ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے دیگر سمندری مخلوقات کے سائز میں کمی کے رجحان کو سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔