ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالاضحیٰ 7 جون ہفتے کو ہو گی: چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی

ملک بھر میں ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالاضحیٰ 7 جون ہفتے کو ہو گی۔

اس بات کا اعلان اسلام آباد سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کیا۔

چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے بتایا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں مطلع ابر آلود رہا، ملک بھر میں کہیں سے چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی۔

مولانا عبدالخبیر آزاد کے مطابق یکم ذوالحج جمعرات 29 مئی کو جبکہ عیدالاضحیٰ ہفتہ 7 جون کو ہو گی۔

چاند دیکھنے کے لیے زونل اور ضلعی رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مختلف شہروں میں منعقد ہوئے۔

کراچی میں چاند نظر نہیں آیا: حافظ محمد سلفی

کراچی سے زونل رویتِ ہلال کمیٹی کے رکن علامہ حافظ محمد سلفی نے بتایا ہے کہ کراچی میں کہیں چاند نظر نہیں آیا۔

لاہور میں ذوالحج کا چاند نظر آنے کی اطلاع نہیں ملی، مفتی رمضان سیالوی

لاہور سے زونل رویتِ ہلال کمیٹی کے مفتی رمضان سیالوی نے کہا ہے کہ لاہور میں ذوالحج کا چاند نظر آنے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

کوئٹہ میں چیئرمین زونل رویت ہلال کمیٹی انوار الحق حقانی کے مطابق بلوچستان بھر سے چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی۔

پشاور سے زونل رویتِ ہلال کمیٹی کے رکن پروفیسر عبدالغفور نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ چاند دیکھنے کی کوشش کی لیکن بادلوں کی وجہ سے چاند نظر نہیں آیا، موسم ابر آ لود ہونے کے باعث چاند نظر آنے کے امکانات کم تھے۔

اس سے قبل ماہرین نے پہلے ہی پیشگوئی کی تھی کہ آج ملک کے کسی حصے میں چاند نظر آنے کا امکان نہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب میں ذوالحج کا چاند نظر آ گیا، مملکت میں عیدالاضحیٰ 6 جون جمعے کو ہو گی۔ 

عرب میڈیا کے مطابق چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ دیگر سعودی عرب کی سپریم کورٹ کرے گی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی تمیر رصدگاہ میں ذوالحج کا چاند نظر آ گیا، بدھ 28 مئی یکم ذوالحجہ ہو گا، وقوفِ عرفات جمعرات 5 جون کو ہو گا۔

میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ سعودی عرب کی سپریم کورٹ کرے گی۔

ملائیشیا اور برونائی میں ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالاضحیٰ 7 جون کو منائی جائے گی۔