اڈیالہ جیل: بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے 40 منٹ کی ملاقات

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان سے ان کی بہنوں کی ملاقات ختم ہو گئی۔

بانیٔ پی ٹی آئی کی دونوں بہنیں ملاقات ختم ہونے کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئیں۔

ذرائع کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کی جیل میں بہنوں سے ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی۔

بہنوں سے ہوئی اس ملاقات میں بانیٔ پی ٹی آئی کی صحت، زیرِ سماعت اپیلوں اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو میں بانی چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے میڈیا کے سامنے ہی بیرسٹر گوہر سے جواب مانگ لیا۔

علیمہ خان نے میڈیا کے سامنے بیرسٹرگوہر سے 5 جون کو بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی کے بیان پر جواب طلب کیا۔

علیمہ خان نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے ہی کہا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی 5 جون کو رہا ہونے جا رہے ہیں۔

اس پر بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ میرا مقصد تھا کہ 5 جون کو کیس لگ رہا ہے، جو بوگس ہونے کی وجہ سے ختم ہو جائے گا۔

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔