میکسیکو: جرائم اور تشدد سے متاثرہ علاقے کے ویران مکان سے 17 لاشیں برآمد

لاپتا افراد کی تفتیش کرنے والے محققین نے وسطی میکسیکو کے جرائم اور تشدد سے متاثرہ علاقے کے ویران مکان سے 17 لاشیں برآمد کی ہیں۔

 فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ریاستی پراسیکیوٹر کے دفتر نے بتایا کہ پچھلے ہفتے گواناجواتو ریاست کے شہر ایراپواٹو میں زمینی ریڈار اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے ان لاشوں کا پتا لگایا گیا، ان میں سے 5 افراد کی شناخت لاپتا افراد کے طور پر ہو چکی ہے۔

گواناجواتو ایک ترقی کرتا ہوا صنعتی مرکز ہے اور کئی مشہور سیاحتی مقامات کا مرکز بھی ہے، لیکن سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یہ میکسیکو کی سب سے خطرناک ریاست ہے، جہاں گینگز کے درمیان علاقے پر کنٹرول کے لیے جنگیں جاری ہیں۔

منشیات کی اسمگلنگ سے منسلک جرائم پیشہ تشدد 2006 سے اب تک میکسیکو میں تقریباً 4 لاکھ 80 ہزار جانیں لے چکا ہے، اور ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد لاپتا ہو چکے ہیں۔

گواناجواتو میں زیادہ تر تشدد کا تعلق سانتا روزا ڈی لیما گینگ اور جلیسکو نیو جنریشن کارٹیل کے درمیان جاری تنازع سے ہے، جو لاطینی امریکا کے سب سے طاقتور جرائم پیشہ گروہوں میں سے ایک ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، گواناجواتو میں گزشتہ سال 3 ہزار سے زائد افراد قتل ہوئے، جو میکسیکو کی کسی بھی ریاست میں سب سے زیادہ تعداد تھی۔