اقوام متحدہ کے امن مشن کے 57 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش، 2 پاکستانی بھی شامل

اقوام متحدہ کے امن مشن کے 57 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جن میں دو پاکستانی بھی شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں کے بین الاقوامی دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 32 ممالک سے تعلق رکھنے والے 57 فوجی، پولیس اور سول امن اہلکاروں کو بعد از وفات خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ان اہلکاروں نے گزشتہ سال دنیا بھر کے امن مشنز میں خدمات انجام دیتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ بعد از وفات دیا جانے والا ڈاگ ہیمرشولڈ میڈل سپاہی محمد طارق اور حوالدار احسن اللہ خان کو دیا گیا۔

دونوں اہلکاروں نے یواین انٹرِم سیکیورٹی فورس برائے ابیی کے ساتھ خدمات انجام دی تھیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد اور مشن کے ملٹری ایڈوائزر کرنل عمر شفیق نے یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ایوارڈز وصول کیے۔