حماس رہنما باسم نعیم نے کہا ہے کہ امریکی امن منصوبہ حماس کے مطالبات کے برعکس ہے۔
غیر ملکی رپورٹ کے مطابق حماس رہنما باسم نعیم کا کہنا ہے کہ امریکی جنگ بندی تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
باسم نعیم نے کہا کہ قومی ذمہ داری کے ساتھ امریکی تجویز کا باریک بینی سے مطالعہ کرکے پھر جواب دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ حماس نے پہلے بھی امریکی ایلچی کے ساتھ جنگ بندی فریم ورک پر اتفاق کیا ہے۔
حماس رہنما نے مزید کہا کہ اب بھی ہم غزہ سے اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا اور امداد کی فراہمی چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ جنگ بندی کے لیے امریکا کی نئی تجویز پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب دہشت گرد اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے جس کے نیتجے میں مزید 70 فلسطینی شہید ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے امداد کے منتظر فلسطینیوں کو خون میں نہلا دیا۔ خوراک کی تقسیم کے مرکز پر فائرنگ سے 10 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ امدادی سینٹر دھماکوں سے لرز اٹھا۔
عرب میڈیا کے مطابق بریج پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 24 افراد شہید ہوگئے۔ جبالیہ میں دو گھروں پر بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت 10 فلسطینی شہید ہوئے۔
غزہ سٹی کے مختلف حصوں پر بمباری سے 10 فلسطینی پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد شہید ہوگئے۔
ادھر خان یونس میں امدادی سامان لینے والوں پر فائرنگ سے 5 افراد جان سے گئے۔
غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 54ہزار249ہوگئی جبکہ 1لاکھ 23ہزار492 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔