سعودی عرب میں حج 2025 کے دوران شدید گرمی کے پیش نظر حکام نے حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کردیا ہے۔ وزیر حج توفیق الربیعہ کے مطابق، گزشتہ سال 51.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے والے درجہ حرارت کے باعث 1300 سے زائد عازمین حج انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد اس سال حفاظتی تدابیر کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔
حکام نے 40 سے زائد سرکاری اداروں اور 2.5 لاکھ اہلکاروں کو متحرک کیا ہے، جبکہ سایہ دار جگہوں کو 50 ہزار مربع میٹر تک بڑھا دیا گیا ہے۔ حج کے دوران 400 سے زائد کولنگ یونٹ تعینات کیے جائیں گے، اور طبی عملے کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
مکہ مکرمہ میں حج کے دوران ڈرونز کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، اور جدید ترین اے آئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے فوری فیڈ بیک حاصل کیا جائے گا۔ مزید برآں، بغیر اجازت نامے کے آنے والے حجاج کو روکنے کے لیے سخت کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے، کیونکہ گزشتہ سال ہونے والی 80 فیصد اموات ایسے افراد کی تھیں جو اجازت نامے کے بغیر حج کے لیے آئے تھے۔