خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو ملانے والے دوماندہ پل کے قریب سے نامعلوم مسلح افراد نے 11 ملازمین کو اغوا کر لیا۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق تین گاڑیوں میں سوار 16 ملازمین اسلام آباد سے کوئٹہ جا رہے تھے کہ راستے میں اغوا کاروں نے دو گاڑیوں کو روک کر اُن میں سوار 11 افراد کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تعاقب کے دوران چھ ملازمین کو بازیاب کرا لیا، تاہم پانچ افراد تاحال لاپتا ہیں۔ اغوا کاروں کے بارے میں ابھی تک کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکیں کہ وہ مغویوں کو کہاں لے گئے ہیں۔
ادھر، مغویوں کی بازیابی کے لیے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔